امریکی کمپنی موڈرینا نے دیگر ممالک کو فروخت کرنے کے لیے اپنی ویکسین کی فی خوراک قیمت کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں اپنی ویکسین کے 94.5 فیصد کامیابی کا اعلان کرنے والی امریکی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ حکومتوں کی جانب سے خریداری پر فی خوراک کی قیمت 25 سے 37 امریکی ڈالر ہو گی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیفن بینسل کا کہنا ہے کہ ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت کا انحصار خریداری کی مقدار پر بھی ہو گا۔ اس لیے ہماری ویکسین پر زکام کی ویکسین جتنی لاگت ہی آئے گی جو کہ فی کس 10 سے 50 امریکی ڈالر بنتی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن نے موڈرینا سے لاکھوں ویکسین خریدنے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔ کمیشن فی خوراک 25 ڈالر میں خریدنے کے لیے کوشاں ہے۔
اس سلسلے میں کمپنی سے رابطہ کرنے والے یورپی کمیشن کے اہل کار کا کہنا ہے کہ ابھی اس حوالے سے باقاعدہ سودا نہیں ہوا تاہم چند دنوں میں خریداری کا معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین موڈرینا سے اس کی ویکسین کی خریداری کے لیے جولائی ہی سے رابطے میں ہے جب اس ویکسین کی طبی آزمائشوں کا آغاز ہوا تھا۔ دوسری جانب ایک اور کمپنی فائزر بھی 95 فی صد مؤثر کورونا ویکسین تیار کرنے کا اعلان کر چکی ہے اور اس کی منظوری کے لیے امریکا کی فیڈرل ڈرک اتھارٹی سے رجوع کر چکی ہے۔ مختلف اطلاعات کے مطابق امریکا میں آئندہ ماہ سے ویکسینیشن شروع ہونے کا امکان ہے۔
0 Comments